پاكستان ؛ آرمی چیف سے پاراچنار امن معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ
پاراچنار کے عوام نے آرمی چیف جنرل حافظ سید عاصم منیر سے مطالبہ کیا ہے کہ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں ریاستی سرپرستی میں شیعہ اور سنی قبائل کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا، لیکن حالیہ دنوں میں اس معاہدے کی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی ہے۔ بگن کے علاقے میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں نے امدادی قافلوں پر حملے کیے، اشیائے خورد و نوش کو لوٹا، اور ڈرائیوروں کو نشانہ بنایا۔ ان واقعات کے دوران فوجی ہیلی کاپٹرز کی موجودگی کے باوجود دہشت گردی کے واقعات روکے نہ جا سکے۔
سوشل میڈیا پر عوام نے آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور معاہدے کی پاسداری یقینی بنائیں۔ شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کی ذمہ داری اب پاک فوج پر عائد ہوتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے اس مسئلے پر پیش رفت نہ ہونے پر عوام نے فوجی قیادت سے امید وابستہ کر لی ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بگن میں آپریشن کیا جائے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو۔