خبریںعلم اور ٹیکنالوجیہندوستان

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں یومِ علی (علیہ السلام) کے موقع پر نایاب کتب و مخطوطات کی نمائش

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی مولانا آزاد لائبریری اور علی سوسائٹی کے زیرِ اہتمام امیرالمومنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر نایاب کتب اور قدیمی مخطوطات کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا اور نمائش میں رکھی گئی نادر کتب اور مخطوطات کا معائنہ کیا۔

نمائش میں تاریخی اہمیت کی حامل کئی نایاب اشیاء پیش کی گئیں، جن میں 6 ہاتھ سے لکھے مخطوطات، مختلف زبانوں میں کتب، قرآنِ پاک کے نایاب نسخے اور نہج البلاغہ کا 900 سال پرانا نسخہ شامل تھا۔

مولانا آزاد لائبریری کی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے نمائش میں رکھے گئے اہم نسخوں کی تاریخی اہمیت سے وائس چانسلر کو آگاہ کیا۔ پروفیسر نعیمہ خاتون نے نمائش میں شامل اشیاء پر مبنی کیٹلاگ کا بھی اجرا کیا، جسے پروفیسر نشاط فاطمہ نے تیار کیا تھا۔

نمائش میں خاص دلچسپی کا مرکز چمڑے پر ہاتھ سے لکھے قرآنِ پاک کا کوفی رسم الخط میں نسخہ تھا، جسے حضرت علی علیہ السلام کی تحریر سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ شاہ جہاں کی بیٹی جہاں آراء کا لکھا ہوا قرآنِ پاک، حضرت علیؑ کی مدح میں خط ناخن سے تحریر "قصیدہ حافظ”، اور شاہ جہاں کی بیوی ممتاز محل کے والد آصف خاں کا لکھا قصیدہ بھی نمائش کا حصہ تھے۔

اس تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور افسران سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں رجسٹرار محمد عمران، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین، پروکٹر پروفیسر ایم وسیم علی، اور شعبۂ شیعہ دینیات کے چیرمین ڈاکٹر سید محمد اصغر شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button