انڈونیشیا کے مشرقی علاقے میں واقع جزیرہ ہالماہیرا پر ماؤنٹ ایبو آتش فشاں بدھ کے روز پانچویں بار پھٹ گیا، جس سے دھواں تقریباً 4 کلومیٹر بلند تک پھیل گیا۔
آتش فشاں پھٹنے کے بعد انڈونیشیا کی جیولوجیکل ایجنسی نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مقامی حکام نے 5 قریبی گاؤں سے 3 ہزار رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بہت سے رہائشی پہلے ہی گاؤں کے ایک ہال میں جمع ہو چکے ہیں اور انخلا کے لیے تیار ہیں۔
ماؤنٹ ایبو میں آتش فشاں کی سرگرمیوں میں جون 2023 سے اضافہ دیکھا گیا ہے، صرف جنوری 2024 کے پہلے ہفتے میں 4 بار آتش فشاں پھٹا۔ حکام نے قریبی رہائشیوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آتش فشاں کی چوٹی کے 5 سے 6 کلومیٹر کے دائرے میں نہ جائیں اور راکھ گرنے کی صورت میں ماسک کا استعمال کریں۔
ہالماہیرا جزیرے پر 2022 تک تقریباً 7 لاکھ افراد رہائش پذیر تھے۔ انڈونیشیا، بحر الکاہل کے "رنگ آف فائر” پر واقع ہونے کی وجہ سے زلزلوں اور آتش فشاں پھٹنے کی سرگرمیوں کے لیے جانا جاتا ہے۔
گزشتہ سال نومبر میں بھی سیاحتی جزیرے فلورس میں ماؤنٹ لیوتوبی ایک ہفتے کے دوران کئی بار پھٹا تھا، جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔