قرآن کریم کے الفاظ میں کوئی تحریف نہیں ہوئی : آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
تفسیر، تاویل اور شان نزول میں ممکن ہے تحریف ہوئی ہو
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے سورہ حجر کی نویں آیت "ہم نے اس قرآن کو نازل کیا ہے اور ہم ہی اس کی حفاظت کریں گے۔” کے سلسلہ میں فرمایا: اللہ تعالی کا وعدہ صرف قرآن کریم کی حفاظت سے متعلق ہے اور اس سلسلہ میں اللہ کی مرضی صرف قرآن سے متعلق ہے اور اس نے اس بات کی ضمانت دی ہے کہ اس میں کوئی تحریف نہیں کی جائے گی اور اس نے کسی دوسری آسمانی کتاب کے بارے میں ایسا کوئی وعدہ نہیں کیا ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے قرآن کریم میں تحریف کے امکان کے سلسلہ میں فرمایا: شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ اور شیخ طوسی رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم فقہاء کے دور سے آج تک یعنی تقریبا ہزار سال سے زیادہ عرصہ سے یہ بات ثابت ہے کہ قرآن کریم کے الفاظ میں کوئی تحریف نہیں ہوئی ہے۔ لیکن تفسیر، تاویل اور شان نزول میں ممکن ہے تحریف ہوئی ہو
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ علمی جلسات آپ کے دفتر واقع ایران، قم مقدس، خیابان چہار مردان، کوچہ 6 میں ایرانی وقت کے مطابق صبح 11:15 بجے منعقد ہوتا ہے۔
آپ ان علمی اجلاس کو براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔