جو کام اللہ کے لئے ہوتا ہے وہی باقی رہتا ہے: مولانا سید علی ہاشم عابدی
بڑاگاؤں/جونپور۔ بڑاگاؤں کا قدیمی رجب کی نوچندی جمعرات کا جلوس گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی برآمد ہوا۔
جلوس عزا سے قبل مجلس عزا منعقد ہوئی جسمیں اولا جناب قمر عباس کربلائی نے سوز خوانی کی، جناب علی غدیری اور جناب سید حسین کاظم نے بارگاہ معصومین علیہم السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا اور مجلس عزا کو حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے امام محمد باقر علیہ السلام کی حدیث "دین کی بنیاد 5 چیزوں پر ہے۔ نماز، زکات، روزہ، حج اور ولایت ہے۔” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: بغیر ولایت کے کوئی عمل قبول نہیں ہے۔ جسکے پاس ولایت نہیں اس کے پاس دین نہیں۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے امام محمد باقر علیہ السلام کی حدیث ” ہر وہ چیز جو اس (اہل بیت علیہم السّلام کے) گھر سے نہ نکلے وہ باطل ہے۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: وہی علم اور وہی دین قابل قبول ہے جو اہلبیت علیہم السلام سے حاصل ہو۔ لہذا دین اسی سے لیں جو اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں بیان کرے۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے بیان کیا کہ جو کام بھی اللہ کے لئے ہوتا ہے وہی باقی رہتا ہے لہذا ہر کام میں صرف اللہ کی خوشنودی ملحوظ خاطر رہے۔
بعد مجلس جلوس عزا برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا صبح میں شبیہ روضہ حضرت عباس علیہ السلام پر اختتام پذیر ہوا۔ جسمیں مقامی اور بیرونی انجمن ہائے ماتمی نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی۔ دوران جلوس مولانا عارف، مولانا سید عزمی عباس امام جمعہ بڑاگاؤں، مولانا اعجاز محسن امام جماعت مسجد پنجہ شریف، مولانا آرزو عابدی اور مولانا سید شوکت علی رضوی نے تقریر کی۔