امروہہ، ہندوستان – امام محمد باقر علیہ السّلام کی ولادت کے موقع پر مسجد امامیہ میں خطاب کرتے ہوئے محقق ڈاکٹر سید شہوار حسین نے امام کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امام کی سیرت سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگی کو بہتر بنانا چاہیے۔
ڈاکٹر شہوار نے امام علیہ السلام کی محنت کشی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ امام، باقر العلوم ہونے کے باوجود کھیتوں میں محنت کرتے تھے اور محنت کو عیب نہیں سمجھتے تھے۔ امام علیہ السلام نے فرمایا کہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانا عیب ہے، لیکن محنت کرنا نہیں۔ اس عمل سے امام علیہ السلام نے یہ واضح پیغام دیا کہ اپنے اہل و عیال کا رزق خود فراہم کرنا انسان کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام محمد باقر علیہ السّلام نے اسلامی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کیے، جیسے اسلامی سکے کا اجرا اور جدید علوم کی ایجاد۔ امام نے ایسے شاگرد تیار کیے جو علم کی ترویج اور جہالت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے تھے۔
ڈاکٹر شہوار نے کہا کہ آج ہر شیعہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے معاشرے سے جہالت کو ختم کرکے سچا مومن ہونے کا ثبوت دے۔ آخر میں، انہوں نے دعا کی کہ خدا قوم کو علم کی دولت سے نوازے اور ملت کو خود کفیل بننے کی توفیق عطا فرمائے۔