ہفتے کے روز روسی صدر ولادیمیر پوتن نے آذربائیجان کے صدر سے "افسوسناک واقعہ” پر معذرت کی جس میں روسی فضائی دفاعی نظام کے یوکرینی ڈرونز کے خلاف فائر کرنے کے نتیجے میں آذربائیجان ایئرلائنز کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔
یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب پرواز J2-8243، جو باکو سے چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی جا رہی تھی، روس کے جنوبی علاقے میں یوکرینی ڈرونز کے حملوں کے سبب راستہ بدلتے ہوئے قازقستان کے قریب آکتاؤ کے علاقے میں کریش لینڈنگ کر گئی۔ اس حادثے میں کم از کم 38 افراد جاں بحق ہو گئے۔
آذربائیجان کی ابتدائی تحقیقات سے واقف چار ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے غلطی سے طیارے کو نشانہ بنایا۔ مسافروں نے بھی طیارے کے باہر زور دار دھماکہ سننے کی تصدیق کی۔
کریملن نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر پوتن نے صدر الہام علیوف سے رابطہ کرکے معذرت کی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
کریملن کے مطابق، "اس وقت گروزنی، موزدوک اور ولادی قفقاز پر یوکرینی ڈرونز کے حملے ہو رہے تھے، اور روسی فضائی دفاعی نظام ان حملوں کا جواب دے رہا تھا۔”