خبریںہندوستان

مدارس کی بنیاد مضبوط کریں اور طلاب کی عزت کریں: مولانا سید رضا حیدر زیدی

دنیا راحت نہیں بلکہ تکلیف کی جگہ ہے: مولانا سید احمد علی عابدی

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے شاہی آصفی مسجد میں نماز جمعہ کے خطبے میں تقویٰ الہی کی اہمیت اور عید غدیر کی فضیلت بیان کی۔ انہوں نے فرمایا کہ عید غدیر کا دن نیکی، ہمدردی اور صلہ رحمی کا ہے، اس دن نیک اعمال مال اور عمر میں برکت کا باعث بنتے ہیں۔ مولانا نے صاحبان ثروت کو نصیحت کی کہ اپنی دولت کا موازنہ غریبوں سے نہ کریں بلکہ اپنی حیثیت کے مطابق راہِ خدا میں خرچ کریں۔

مدارس علمیہ کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ آج کے طلاب کل کے علماء ہیں، مدارس کی مضبوط بنیاد ضروری ہے تاکہ بہترین علماء پیدا ہوں۔ انہوں نے طلاب کی عزت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں حقیر نہ سمجھیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے تاریخی واقعے سے وضاحت کی کہ عزت دینے سے طلبہ مدارس کا رخ کرتے ہیں، ورنہ مدارس خالی ہو جاتے ہیں۔

دوسری طرف ممبی میں  مولانا سید احمد علی عابدی نے خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں نماز جمعہ کے خطبے میں تقویٰ الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ نے راحت کو جنت میں رکھا ہے اور دنیا کو تکلیف کی جگہ قرار دیا ہے۔ دنیا میں کوئی چیز بغیر محنت کے حاصل نہیں ہوتی۔ یہاں پانی، روٹی یا سکون ہر چیز کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے، جبکہ جنت میں صرف ارادہ کرنے پر سب کچھ مل جاتا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اپنی زندگی اور وقت کو ضائع کرنے کے بجائے محنت کریں۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں کی عادات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دیر سے سونے اور صبح دیر سے اٹھنے کے باعث ہم پیچھے رہ جاتے ہیں، جبکہ غیر مسلم نوجوان وقت کی پابندی اور محنت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ قسمت اور حالات کو کوسنے کے بجائے اپنی کوتاہیوں پر غور کرنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button