پاراچنار: قیام امن اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ
پاراچنار میں قیام امن، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے قبائلی تنازعات کے مستقل حل، پائیدار امن کے قیام، اور ضروری سہولیات کی فراہمی پر اتفاق کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے شہداء کے لواحقین کے لیے امدادی پیکج، زخمیوں کے علاج اور تباہ شدہ مکانات کی تعمیر نو پر زور دیا، جس پر وزیراعلیٰ نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ علامہ نے ادویات کی فراہمی کے لیے وزیراعلیٰ کے خصوصی ہیلی کاپٹر کی فراہمی کو سراہا اور دیرپا حل کے لیے مزید اقدامات کی اُمید ظاہر کی۔
دوسری جانب، ٹل پاراچنار روڈ کی مسلسل بندش نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقامی ہسپتالوں میں ادویات کی قلت کے باعث 19 معصوم بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریات زندگی کا حصول بھی ناممکن ہو چکا ہے۔ فوجی سامان کے قافلے بلا رکاوٹ منتقل کیے جا رہے ہیں، لیکن عوام کے لیے راستہ کھولنے میں حکام ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر اور وزیراعلیٰ کے درمیان گفتگو میں ان مسائل پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا، اور عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔