غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کیلیفورنیا کے علاقے ملیبو کے جنگلات میں 3 دن قبل آگ لگی تھی جس پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا۔
جنگلات کو لگنے والی آگ کے سبب علاقے سے تقریباً 6300 افراد کا انخلاء کروا لیا گیا ہے جبکہ علاقے کے اسکول اور کاروبار بند ہو گئے ہیں۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آگ سے 9 عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں جبکہ 6 کو شدید نقصان پہنچا ہے، 3 دن قبل لگنے والی ’فرینکلن فائر‘ پر اب تک صرف 7 فیصد تک قابو پایا جا سکا ہے، تقریباً 2 ہزار فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
کیلیفورنیا فاریسٹری اور فائر پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ چیف ڈسٹی مارٹن کے مطابق پہاڑی علاقے کی دشواری کے باعث آگ پر قابو پانے میں مزید دن لگ سکتے ہیں۔
کیپٹن لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈپارٹمنٹ کے مطابق جنگلات میں لگنے والی آگے کے سبب تقریباً 22 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، جن کے انخلاء کی کوششیں جاری ہیں۔