اگر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہم سے راضی ہوں تو اللہ رسول اور ائمہ علیہم السلام بھی ہم سے راضی ہوں گے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور منعقد ہوا جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: یہ دو ماہ (ماہ جمادی الاول اور ماہ جمادی الثانی) حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے مخصوص ہیں، آپ اہل بیت کا محور، 11 ائمہ معصومین علیہم السلام کی ماں، ابو الائمہ یعنی امیر المومنین علیہ السلام کی زوجہ اور رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ کی اکلوتی بیٹی ہیں۔ آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے "ام ابیہا” کہ عنوان سے خطاب کیا۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: اگر حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہم سے راضی ہوں تو اللہ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ، جنت و جہنم کو تقسیم کرنے والے امیر المومنین علیہ السلام اور تمام معصومین ہم سے راضی ہوں گے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: ہمیں چاہیے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبہ فدک کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں اور تھوڑا تھوڑا حفظ کریں کہ یہ خود آپ کے نام، آپ کی یاد اور آپ کے عظیم مقاصد کے احیاء کا ایک طریقہ ہے۔ یہ خطبہ اسلام، اصول دین، ، آداب اور تمام اسلامی مفاہیم کا خلاصہ ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: روایات شریفہ کے مطابق حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی احادیث، عمل اور تقریر قرآن کریم، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور ائمہ معصومین علیہم السلام کے قول و فعل و تقریر کی طرح حجت ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ علمی جلسات آپ کے دفتر واقع ایران، قم مقدس، خیابان چہار مردان، کوچہ 6 میں ایرانی وقت کے مطابق صبح 11:15 بجے منعقد ہوتا ہے۔
آپ ان علمی اجلاس کو براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔