3 جمادی الثانی: یوم شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی شہادت کے 95 دن بعد والی روایت کے مطابق
روایت کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی شہادت کے 95 دن بعد 3 جمادی الثانی کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت ہوئی۔
یہ دن تاریخ اسلام میں ایک خاص مقام و مرتبہ رکھنے والی خاتون صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور لامتناہی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی تیار کردہ رپورٹ پر توجہ دیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی شہادت کے بعد عالم اسلام مختلف تبدیلیوں اور بحرانوں سے دوچار ہوا۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی اکلوتی یادگار بیٹی، امیر المومنین علیہ السلام کی زوجہ، امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کی والدہ ماجدہ ہیں، وہ اپنے والد کی شہادت کے بعد کے واقعات سے بہت متاثر ہوئیں۔
بعض معتبر روایات کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی شہادت کے صرف 95 دن بعد 3 جمادی الثانی کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت ہوئی۔
اگرچہ یہ مدت بہت کم ہے لیکن مصائب و آلام سے پر ہے جو آپ پر ڈھائے گئے۔ اس دوران حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اسلام کی حقانیت اور اپنے والد کی میراث کو بچانے کی کوشش کی لیکن سیاسی اور سماجی دباؤ کے سبب سے دشمنوں کے ہاتھوں دن بدن ظلم اور بے حرمتی ہوتی رہی۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور ان کی داستان شہادت تاریخ اسلام کا تلخ ترین اور دردناک ترین واقعہ ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت ظلم کے خلاف قربانی، صبر اور استقامت کی علامت ہے۔
اس دن پوری دنیا کے شیعہ صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور ان کے عظیم مقام و مرتبہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر پوری دنیا میں مجالس عزا کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ان دنوں دنیا بھر کے روضوں، امام بارگاہوں اور ثقافتی مراکز میں صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی عزاداری ہوتی ہے۔
اسی مناسبت سے ایران و عراق میں موجود ائمہ اطہار علیہم السلام اور امام زادگان رضوان اللہ تعالی علیہم کے روضہ ہائے مبارک کے علاوہ دیگر مساجد، امام بارگاہوں پر سیاہ پرچم اور بینر نصب بھی کئے جاتے ہیں۔
اسی طرح پوری دنیا میں شیعہ نشین علاقوں میں مجالس عزا منعقد ہوتی ہیں۔ اسی مناسبت سے شہر مقدس قم میں واقع بیت مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ میں سہ روزہ مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا۔ نیز دنیا بھر میں دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی سے وابستہ دفاتر اور مراکز میں بھی مجالس عزا ا کا سلسلہ جاری ہے جس میں محبان اہل بیت علیہم السلام شرکت کرتے ہیں۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے سلسلہ میں ہونے والی مجالس عزا اور دیگر عزائی پروگرامس امام حسین علیہ السلام میڈیا پر براہ راست نشر کئے جا رہے ہیں جیسے روضہ امیر المومنین علیہ السلام نجف اشرف میں ہونے والی عزاداری براہ راست نشر کی جا رہی ہے۔