پاراچنار کے حالات نارمل نہیں، جان بچانے والی ادویات و پٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت ہے، ایم این اے حمید حسین
کرم میں روڈ کافی عرصے سے بند ہیں، جان بچانے والی ادویات بھی ختم ہوگئی ہیں، پیٹرولیم مصنوعات بالکل ختم ہوگئی ہیں، بچے اسکول نہیں جاسکتے اور لوگ پیدل بازار جا رہے ہیں، یہ کہنے والی بات ہے کہ حالات نارمل ہوگئے ہیں، نارمل نہیں ہیں.
مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور کرم سے قومی اسمبلی کے ممبر انجینئر حمید حسین کا کرم میں امن و امان کی صورت حال پر کہنا ہے کہ ’جس طرح بتایا جارہا ہے حالات اس کے بالکل برعکس ہیں، کرم میں حالات بالکل نارمل نہیں ہیں‘۔
حمید حسین نے آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرم میں روڈ کافی عرصے سے بند ہیں، جان بچانے والی ادویات بھی ختم ہوگئی ہیں، پیٹرولیم مصنوعات بالکل ختم ہوگئی ہیں، بچے اسکول نہیں جاسکتے اور لوگ پیدل بازار جا رہے ہیں، یہ کہنے والی بات ہے کہ حالات نارمل ہوگئے ہیں، نارمل نہیں ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ جرگے کےضلع کرم میں جانے کے لئے ہم ابھی تک انتظار میں ہیں اس وقت جو جرگہ ضلع کرم کی طرف جانا چاہ رہا ہے اس حوالے سے ہم نہیں جانتے کہ یہ کس کی جانب سے ہے۔