خبریںدنیاہندوستان

پارہ چنار کے شیعوں کے قتل عام کے خلاف لکھنو میں احتجاج

مسئلہ فلسطین پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے والی مسلم کمیونٹی شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش کیوں؟ مولانا یعسوب عباس

لکھنو۔ شیعہ تنظیم حیدری ٹاسک فورس نے جمعرات کو درگاہ حضرت عباس علیہ السلام پر پارہ چنار میں شیعوں کے قتل عام کے خلاف مولانا یعسوب عباس کی قیادت میں احتجاج کیا۔

مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے مولانا یعسوب عباس نے پاکستان کو "دہشت گردی کا گڑھ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کئی دہائیوں سے شیعہ مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ یہ احتجاج 21 نومبر کو پاکستان کے علاقہ کرم میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شیعہ مسلمانوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کیا گیا۔

اس دوران مظاہرین نے رستم نگر علاقہ میں کینڈل مارچ بھی نکالا۔ کینڈل مارچ سے قبل شہداء پارہ چنار کی یاد میں مجلس عزا منعقد ہوئی جسے مولانا یعسوب عباس نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ظلم کی حدیں پار کرتے ہو گئے خواتین اور بچوں سمیت 100 شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ایمبولنس سے باہر نکال کر قتل کر دیا گیا۔ مولانا یعسوب عباس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسئلہ فلسطین پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنے والی مسلم کمیونٹی شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا: جہاں بھی نا انصافی ہوتی ہے اس کی مذمت ہونی چاہیے۔ مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ سعودی عرب کے پٹرول ڈالر پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے مساجد اور امام باڑوں میں شیعہ برادری پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حملے ظاہر کرتے ہیں کہ یہ دہشت گرد صرف اسلام کے نام پر منافقت کر رہے ہیں۔

احتجاج میں موجود آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا صائم مہدی نقوی، مولانا سید انور حسین رضوی، مولانا سید محمد مسلم، مولانا مرزا رضا عباس، مولانا افضل رضوی نجفی سمیت کثیر تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button