مسلمانوں کےتعلق سے اپنے متنازعہ تبصرے کے بعد، ووکا لیگا کے پجاری کمارا چندر شیکھرناتھ سوامی نے بدھ کو کہا کہ مسلمان ہندوستانی شہری ہیں اور ان کا تعلق کسی دوسرے ملک سے نہیں ہے۔
واضح رہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے منسلک کسانوں کی تنظیم، بھارتیہ کسان سنگھ کے زیر اہتمام منگل کو ایک احتجاج کے دوران، چندر شیکھرناتھ سوامی جو وشو وو کا لیگا مہاسمستھان مٹھ کے سربراہ ہیں، نے کہا تھاکہ مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کیا جانا چاہیے۔’’سیاستدان ووٹ بینک کی سیاست اور مسلمانوں کو خوش کرنے میں ملوث ہیں،ووٹ بینک کی سیاست کا خاتمہ ملک کی ترقی میں مدد گار ثابت ہوگا۔
تاہم اس بیان کے خلاف شدید ردعمل کے بعد سوامی اپنے بیان سے پلٹ گیا اور کہا کہ یہ بیان اس کی زبان پھسلنے کا نتیجہ ہے۔در اصل اس نے جس فورم پر یہ بیان دیا وہ ان کسانوں کی پریشانیوں کو دور کرنے کی خاطر تھا جو وقف بورڈ کے سبب پریشان ہیں۔ مجھے یہ بیان نہیں دینا چاہئے تھا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوامی نے کہا کہ’’ مسلمان ہندوستانی شہری ہیں اور ان کا تعلق دوسرے ممالک سے نہیں ہے۔ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس مرحلے پر معاملہ ختم کریں اور اسے مزید طول نہ دیں۔‘‘
سوامی کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پریمشورنے کہا کہ سوامی نے آئین اور شہریوں کے حقوق کا مطالعہ نہیں کیا ہے۔ کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی معاشرے یا شہریوں کےرائے دہی کے اختیارات پر سوال اٹھائے۔