خبریںہندوستان

سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو نشر کرنا ہم سب کی ذمہ داری: مولانا سید رضا حیدر زیدی

لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 22 نومبر 2024 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی الہی ہمیشہ ہمارے پیش نظر رہے۔ تقوی کے ذریعہ ہی اعمال قبول ہوتے ہیں۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے خطبہ غدیر کا فقرہ "اپنے بھائی کے ساتھ نیکی کرو” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: روایات کی روشنی میں بھائی تین ہیں ایک سگا بھائی، دوسرا برادر دینی، تیسرے خود دین بعنوان بھائی ہے۔ لہذا ہمیں ان تینوں کے ساتھ نیکی پر توجہ دینی چاہیے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے لفظ "بِر” کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: اگر یہ خدا کے لئے استعمال ہو تو اس کا معنی رحمت ہے اور اگر بندوں کے لئے استعمال ہو تو یہ اطاعت کے معنی میں ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث بیان کرتے ہوئے فرمایا: اگر ہم اپنے بھائی یا دوست سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں ان پر ظاہر بھی کرنا چاہیے کہ ہم آپ سے محبت کرتے ہیں۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے حدیث بیان کرتے ہوئے فرمایا: بھائی کا فقدان انسانی عضو میں نقص کے مترادف ہے اسی لئے جب امام حسین علیہ السلام کو حضرت عباس علیہ السلام کی شہادت کی خبر ملی تو فرمایا : میری کمر ٹوٹ گئی۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا عزائے فاطمی میں وسعت ہوتی جائے گی لیکن یاد رکھیں کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو نشر کرنا اور اسے دنیا تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button