منی پور میں ایک بار پھر حالات کشیدہ ہوگئے ہیں، جہاں تشدد کی تازہ لہر میں مشتعل ہجوم نے 13 وزراء اور ایم ایل ایز کے گھروں کو آگ کے حوالے کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب جیری بام ضلع میں 6 افراد کی لاشیں دریا میں تیرتی ہوئی ملی تھیں، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی۔
اتوار کی رات سے شروع ہونے والے تشدد میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو بھی جلا دیا گیا۔ حالات پر قابو پانے کے لیے وزیراعلیٰ بیرن سنگھ نے اراکین اسمبلی سے ملاقات کی اور مسائل پر گفتگو کی۔
دہلی میں بھی منی پور کے حالات پر ہلچل مچی رہی، جہاں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مرکزی فورسز کی تعیناتی میں اضافے کا حکم دیا، اور مزید 50 کمپنیاں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دریں اثنا، کانگریس نے وزیراعظم مودی سے منی پور کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ مودی غیر ملکی دوروں میں مصروف ہیں جبکہ منی پور گزشتہ سال سے جل رہا ہے۔