آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی(دام ظلہ ) کی قیادت میں نجف اشرف میں جلوس عزاء فاطمیہ کا اہتمام
حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام اور حضرت امام زمانہ عج کی خدمت با برکت میں ان کی جدہ ماجدہ کی مظلومانہ شہادت کا پُرسہ پیش کرنے کے لئے مرکزی دفتر نجف اشرف سے حرم حضرت امیر المؤمنین امام علی علیہ السلام تک سالانہ جلوس عزاء فاطمیہ کی قیادت حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ نے فرمائی .
جس میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کے افاضل علماء کرام اساتذہ طلاب کرام اور مومنین نے شرکت فرمائی ۔
آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی دام ظلہ نے فرمایا کہ بلا شک و شبہ عزاء فاطمیہ کا احیاء اہل بیت (علیہم السلام) سے وفاداری اور حقیقی اسلام محمدی کی تجدیدہے اور حضرت فاطمہ زہراء علیھا السلام نے اپنے والد (صلوات اللہ علیہ وآلہ) کے دین کے دفاع میں مصائب و آلام کو برداشت کیا ، اور اس راہ میں عظیم قربانیاں پیش کیں۔
سیّدہ زہرا (سلام اللہ علیھا) انسانیت کے لیے عظیم مثال ہیں، اور وہ حقیقی کمال کی تجسیم ہیں جسے اللہ تعالیٰ انسان کے لیے چاہتا ہے۔ انہوں نے تمام مومنین، خاص طور پر خواتین کو دعوت دی کہ وہ ان کی سیرت کو ایک مثالی بیٹی، بیوی اور ماں کے طور پر اپنائیں۔
واضح رہے کہ یہ سالانہ جلوس عزا مرکزی دفتر سے شروع ہوکر حرم امیر المؤمنین علیہ السلام پر اختتام پزیر ہوا جہاں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا اور حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام کی خدمت میں تعزیت اور پُرسہ پیش کیا۔