لکھنو۔ معروف شیعہ عالم اور عالمی شہرت یافتہ ذاکر اہل بیت علیہم السلام خطیب اکبر مولانا مرزا محمد اطہر مرحوم کے نام سے تعمیر کئے جانے والے گیٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ کشمیری محلہ وارڈ کے کونسلر لئیق آغا نے کارپوریشن ایگزیکٹو کمیٹی میں گیٹ کی تعمیر کی تجویز دی تھی جسے منظور کر لیا گیا۔ جمعرات کو لئیق آغا کی موجودگی میں شیعہ و سنی علماء نے اپنے ہاتھوں سے گیٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مدرسہ ناظمیہ کے پرنسپل مولانا فرید الحسن، آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر یعسوب عباس، ٹیلے والی مسجد کے امام مولانا فضل المنان، مولانا عبدالرحمن، مولانا محمد مسلم مولانا مرزا رضا عباس کے علاوہ دیگر دینی، علمی، قومی، تعلیمی اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
واضح رہے کہ خطیب اکبر مولانا مرزا محمد اطہر مرحوم نے نصف صدی سے زیادہ عرصہ تک مغل مسجد ممبئی میں محرم الحرام کا عشرہ اول خطاب کیا، اس کے علاوہ انہوں نے تقریبا ان تمام ملکوں میں ذکر اہل بیت علیہم السلام کا شرف حاصل کیا جہاں اردو زبان مومنین رہتے ہیں۔