خبریںہندوستان

دہلی میں بڑھتی آلودگی کے باعث پرائمری اسکولوں میں آن لائن تعلیم کا فیصلہ

دہلی: دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کی شدت نے حکام کو سخت اقدامات کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ آتشی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ دہلی میں پانچویں جماعت تک کے تمام اسکول آن لائن تعلیم میں منتقل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے، اس لیے پرائمری سطح کے تمام اسکول اگلی ہدایات تک آن لائن کلاسز جاری کریں گے۔

آلودگی کے قابو کے لیے دہلی میں گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے تیسرے مرحلے کے تحت یہ اقدام کیا جا رہا ہے۔ اس پلان میں آلودگی کی سطح کو چار مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے: ناقص، انتہائی ناقص، شدید، اور انتہائی شدید۔ فی الحال دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) تیسرے مرحلے یعنی ’شدید‘ زمرے میں ہے، جہاں متعدد مقامات پر AQI 400 سے اوپر ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ جمعہ سے ان پابندیوں کا اطلاق ہوگا، تاکہ آلودگی کے مضر اثرات کو کم کیا جا سکے۔

شمالی ہندوستان میں دھند اور جنوبی ریاستوں میں بارش

شمالی ہندوستان کے متعدد علاقوں میں شدید دھند نے وژیبلٹی کو صفر تک محدود کر دیا ہے۔ پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور بہار کے علاوہ دہلی میں بھی جمعرات کی صبح سے گھنی دھند کا راج ہے۔ محکمہ موسمیات نے شمالی خطے میں یلو الرٹ جاری کیا ہے اور امکان ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں دھند میں مزید اضافہ ہوگا۔ گھنے دھند کی وجہ سے شمالی ہندوستان کی دس ریاستوں میں وژیبلٹی پر سنگین اثر پڑا ہے۔

جنوبی ہندوستان میں بارش اور پہاڑی ریاستوں میں برف باری کا الرٹ

جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک اور گوا میں شدید بارش کی توقع ہے، اور بعض علاقوں میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حیدرآباد اور دیگر جنوبی مقامات پر جمعرات کی صبح بھی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے یہاں کے موسم میں تازگی کا احساس ہے۔

دوسری جانب، جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت بڑھ رہی ہے، جو جلد ہی میدانی علاقوں کو بھی متاثر کرے گی۔ موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف خطوں میں سردی کی لہر میں اضافہ متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button