عرب ممالک کا اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ
ریاض میں او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری جنگ بندی کی اپیل کی گئی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے افتتاحی خطاب میں فلسطین اور لبنان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اور بہیمانہ تشدد کی مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے اور امن کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس میں سعودی عرب، اردن، مصر، قطر، ترکی اور انڈونیشیا سمیت متعدد ممالک کے سربراہان شریک ہوئے۔
اجلاس کا مقصد عالمی قوتوں پر اسرائیلی جارحیت ختم کرانے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیث نے غزہ اور لبنان میں فلسطینیوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے ذریعے ہی دیرپا امن قائم ہونے پر زور دیا۔ اجلاس میں عرب و مسلم رہنماؤں نے اسرائیل سے ایران کی سالمیت کا احترام کرنے اور اس کی سرزمین پر حملے نہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔