اسلامی دنیاتاریخ اسلامشیعہ مرجعیت

9 جمادی الاول 786 ہجری یوم شہادت شہید اول رضوان اللہ تعالی علیہ

آٹھویں صدی ہجری کے معروف شیعہ عالم، فقیہ، متکلم، شاعر، ادیب، مجاہد، شہید سعید جناب ابو عبداللہ محمد شمس الدین رحمۃ اللہ علیہ سن 734 ہجری کو جبل عامل لبنان کے ایک دیندار اور علمی خانوادہ میں پیدا ہوئے، آپ کو شیخ الطائفه، علامه زمان، ابن مکی، امام الفقیه، شیخ شهید، شهید اول کے القاب سے یاد کیا جاتا ہے۔

آپ کی زوجہ جناب ام علی رحمۃ اللہ علیہا بھی عالمہ اور فقیہا تھیں، آپ کے تینوں بیٹے جناب رضی الدین ابوطالب محمد، جناب ضیاءالدین ابوالقاسم علی اور جناب جمال الدین ابومنصور حسن رضوان اللہ علیہم عالم اسلام کے عظیم اور نامور عالم و فقیہ تھے۔ آپ کی بیٹی جناب فاطمہ رضوان اللہ علیہا بھی فقیہا و عالمہ تھیں اور انھیں ’’ست المشائخ‘‘ یعنی فقہاء کی استاد کہا جاتا تھا۔

امام الفقیہ شہید اول رحمۃ اللہ علیہ جناب فخرالمحققین رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم عالم و فقیہ کے شاگرد تھے اور جناب فاضل مقداد رضوان اللہ تعالیٰ علیہ جیسے عظیم علماء و فقہاء نے آپ کے سامنے زانوئے ادب تہہ کئے۔ نیز مختلف موضوعات پر کتابیں تالیف فرمائی۔ آپ کی کتابوں کی طویل فہرست ہے جسمیں الدروس الشرعیه اور اللمعه الدمشقیه کی شہرت زباں زد خاص و عام ہے۔

شہید اول نہ فقط شیعہ فقہ کے عالم تھے بلکہ اہلسنت کی بھی چاروں فقہوں کے عالم تھے۔ ظاہر ہے آپؒ باب مدینۃ العلم امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کے سچے شیعہ اور پیروکار تھے لہذا جب بھی کوئی فقہی سوال کیا جاتا تو آپ پوچھنے والے کو اسی کی فقہ کے مطابق جواب دیتے تھے۔

9 جمادی الاول سن 786 ہجری کو ایک سال کی قید با مشقت کے بعد دردناک طریقے سے دمشق میں شہید اول رحمۃ اللہ علیہ کو شہید کیا گیا کہ پہلے سر و تن میں جدائی کی گئی، پھر لاش کو سولی پر چڑھایا گیا اور لوگوں کو جمع کر کے عصر تک سنگبارانی کی گئی اور آخر میں لاش کو اتار کر نذر آتش کر دیا گیا۔ دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ اس طرح وہ آپ کو ختم کر دے گا لیکن جب تک حوزات علمیہ و مدارس علمیہ قائم ہیں ، آپ کی کتابیں خصوصاً ’’لمعہ‘‘ پڑھی جاتی رہے گی آپ کا نام اور ذکر زندہ و جاوید رہے گا۔ہاں ! آپ کے دشمن تاریخ کے قبرستان میں ضرور گمنام ہو گئے۔

وَسَلَامٌ عَلَيْهِ يَوْمَ وُلِدَ وَيَوْمَ يَمُوتُ وَيَوْمَ يُبْعَثُ حَيًّا (سورہ مریم، آیت 15)
ان پر ہمار اسلام جس دن پیدا ہوئے اور جس دن انہیں موت آئی اور جس دن وہ دوبارہ زندہ اٹھائے جائیں گے

متعلقہ خبریں

Back to top button