وہ عصمت جو 14 معصومین علیہم السلام کو حاصل ہے وہ دوسروں حتی انبیاء اور ملائکہ کو بھی حاصل نہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور بدھ 3 جمادی الاول 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اس جلسہ میں عصمت کے مراتب کے سلسلے میں گفتگو کی۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے عصمت کے مراتب و درجات کے سلسلے میں فرمایا: جس طرح عدالت میں مرتبے اور درجات ہیں اسی طرح عصمت میں بھی مرتبے اور درجات ہیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نےفرمایا: وہ عصمت جو 14 معصومین علیہم السلام کو حاصل ہے وہ دوسروں حتی انبیاء اور ملائکہ کو بھی حاصل نہیں ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے سورہ تحریم آیت 6 کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ملائکہ ہرگز خدا کی نافرمانی نہیں کرتے لیکن یہ عصمت 14 معصومین علیہم السلام کی عصمت کے برابر نہیں ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ معصومین کی دعاؤں جیسے امام سجاد علیہ السلام کی دعا، دعائے کمیل وغیرہ میں جن گناہوں کا ذکر ہوا ہے وہ عصمت کے درجے کے لحاظ سے ہے، فرمایا: ایسی چیزوں کو گناہ سے تعبیر کرنے کا مطلب حقیقی گناہ یا ترک اولی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ معصومین علیہم السلام کے تضرع کا ایک تربیتی پہلو ہے لیکن زیادہ تر ان بزرگوں کی روحانی کیفیت کی نشاندہی ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ علمی جلسات آپ کے دفتر واقع ایران، قم مقدس، خیابان چہار مردان، کوچہ 6 میں ایرانی وقت کے مطابق صبح 11:15 بجے منعقد ہوتا ہے۔
آپ ان علمی اجلاس کو براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔