ملائیشیائی حکام نے اعلان کیا ہے کہ 2025 کا عالمی حلال فیسٹیول ملاکا انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر میں 20 دسمبر سے تین دنوں تک منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے 25,000 سے زائد وزیٹرز کی شرکت متوقع ہے۔
اس ایونٹ کا تھیم "حلال انڈسٹری کی ترقی” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد عالمی حلال مارکیٹ کی ترقی میں معاونت فراہم کرنا اور دنیا بھر کے حلال کاروباروں کے لیے ایک اہم نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
ملاکا کے اسلامی مذہبی کونسل کے نائب صدر ابو فاضل محمد نے بتایا کہ ویتنام، بنگلہ دیش، اور نامیبیا جیسے ممالک سے 450 سے زائد نمائش کنندگان اس فیسٹیول میں حصہ لیں گے، جو کہ اس بات کا غماز ہے کہ یہ فیسٹیول ملاکا کو عالمی حلال مرکز کے طور پر قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، اور اس کے سیاحت اور تجارت کے امکانات کو مزید بڑھائے گا۔
فیسٹیول میں حلال مصنوعات کی ایک وسیع رینج پیش کی جائے گی، جن میں کھانے پینے کی اشیاء سے لے کر حفظان صحت کے سامان تک شامل ہوں گے۔ ملاکا کی حکومت نے حلال معیار پر سختی سے عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، خاص طور پر ریستورانوں میں، اور ہوٹلوں کو حلال سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے، جس سے ملاکا کو مسلم سیاحوں کے لیے ایک مکمل منزل کے طور پر مزید پرکشش بنایا جا رہا ہے۔