خبریںدنیاہندوستان

سری نگر کے اتوار بازار میں گرینیڈ حملہ، متعدد شہری زخمی

جموں و کشمیر کے سری نگر میں اتوار کو عسکریت پسندوں کا حملہ ہوا ہے۔ عسکریت پسندوں نے ٹی آر سی اور اتوار بازار پر دستی بم پھینکے، جس میں 10 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب علاقے میں ہفتہ وار اتوار بازار کے لیے خریداروں کا بہت زیادہ ہجوم تھا۔ دستی بم دھماکے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔

جبکہ جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے ابھی تک کوئی بیان نہیں آیا ہے، ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اس واقعہ میں 10 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی ایس ایم ایچ ایس اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

حکام نے بتایا کہ گرینیڈ سری نگر میں ٹورسٹ ریسپشن سینٹر کے قریب سی آر پی ایف کے بنکر پر پھینکا گیا۔ تاہم یہ ہدف سے چھوٹ گیا اور خریداروں کے ہجوم میں پھٹ گیا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ "بہت سے شہری زخمی ہوئے ہیں۔ انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ بازار میں اتوار کو سینکڑوں دکاندار سیکنڈ ہینڈ کپڑے اور دیگر گھریلو اشیاء فروخت کرتے ہیں۔ مارکیٹ کی وجہ سے اتوار کو علاقے میں لوگوں کا بہت زیادہ رش دیکھنے میں آیا۔

یہ حملہ سری نگر کے علاقے خانیار میں سیکورٹی فورسز اور ایک غیر ملکی عسکریت پسند کے درمیان ہونے والے تصادم کے ایک دن بعد ہوا ہے، جس میں جنگجو مارا گیا تھا اور سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تصویروں میں جموں و کشمیر پولیس کی بکتر بند گاڑیاں شہر کے وسط میں ٹورسٹ ریسپشن سینٹر کے قریب مرکزی چوک پر گشت کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار بازار میں معصوم خریداروں پر حملے کی مذمت کی۔ وزیراعلی نے سیکورٹی ایجنسیوں سے بھی کہا کہ "حملوں کے اس تیزی کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ لوگ بغیر کسی خوف کے اپنی زندگی گزار سکیں۔”

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button