خبریںہندوستان

جھوٹی تعریف کرنے والے ایک دن برائی پر اتر آتے ہیں: مولانا سید احمد علی عابدی

ممبئی: یکم نومبر 2024 کو شیعہ خوجہ جامع مسجد پالا گلی میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی صاحب نے نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے مسلمانوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور روحانی پاکیزگی کے بارے میں قیمتی نصیحتیں پیش کیں۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے اپنے بیان کا آغاز اللہ تعالیٰ کے عظیم احسانات کا ذکر کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ اللہ کا سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ اس نے ہمارے لئے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسے عظیم ترین نبی کو مبعوث فرمایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت کا مقصد انسانیت کو علم دینا اور ان کے نفسوں کا تزکیہ کرنا یعنی انہیں روحانی طور پر پاک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بدن کو پاک کرنے کے لیے نہانے کی ضرورت ہوتی ہے، اسی طرح روح کی تازگی اور پاکیزگی بھی ضروری ہے۔ انسان کو چاہئے کہ بارگاہِ خداوندی میں صرف جسمانی طور پر نہیں بلکہ روحانی طور پر بھی حاضر ہو۔

مولانا عابدی نے قربت الی اللہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو نماز، روزہ اور وضو میں "قربۃ الی اللہ” کی نیت کرتے ہیں، اس کا مطلب اللہ سے دل اور روح کے ساتھ قربت اختیار کرنا ہے، نہ کہ صرف جسمانی طور پر نزدیک ہونا۔ یہ قربت روح کی پاکیزگی اور دل کی صفائی کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جسم اور لباس کو پانی سے پاک کرنا آسان ہے، مگر روح اور دل کو پاک کرنا ایک مشکل اور سنجیدہ عمل ہے۔ جس طرح پانی لباس کو پاک کرتا ہے، اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور ہدایتیں ہماری روح کو پاک کرتی ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں ان راستوں کی طرف رہنمائی کی جو ہمارے دل اور روح کو پاکیزگی بخشتے ہیں۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے ایک اہم روایت بیان کی اور کہا کہ وہ شخص جو گناہوں کے ذریعے اپنی جھوٹی تعریفیں کرانا چاہتا ہے، جیسے لوگوں کو پیسہ دے کر یا جھوٹ بولوا کر اپنی تعریف کروانا، وہ ایک دن انہی لوگوں کی برائی کا شکار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سماج میں یہ منظر اکثر دیکھتے ہیں کہ کل تک جو لوگ کسی کے ساتھ تعریفیں کرتے نظر آتے تھے اور اس کے سائے کی طرح چلتے تھے، آج انہی کو چوراہوں پر کھڑے ہوکر برا بھلا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹی تعریفیں کرانے کا یہ عمل نہ صرف غلط ہے بلکہ اس کا انجام بھی تباہ کن ہوتا ہے۔

مولانا عابدی نے لوگوں کو نصیحت کی کہ سچائی اور اخلاص کے ساتھ اللہ سے قربت حاصل کریں اور گناہوں سے بچیں، تاکہ نہ صرف ان کا جسم بلکہ ان کی روح بھی پاک ہو اور اللہ کے قریب ہو سکیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button