اسلامی دنیاخبریں

غزہ؛’’امداد نہ پہنچی تو چند گھنٹوں میں زخمی زندہ نہیں بچیں گے‘‘

غزہ کے جبالیہ میں واقع کمال عدوان اسپتال کے سربراہ کا بیان

شمالی غزہ کے زیر محاصرہ علاقے جبالیہ کے کمال عدوان اسپتال کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر امداد نہ پہنچی تو آئندہ چند گھنٹوں میں اسپتال میں موجود زخمی زندہ نہیں بچیں گے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا فوری طور پر ادویات، امداد اور طبی عملے کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے اگر ایسانہ کیا گیا تو آئندہ چند گھنٹوں میں زخمی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں میں جو کوئی نظر آتا ہے اس پر گولی چلائی جاتی ہے، یہاں موجود لوگوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ اس سے قبل غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر منیر البرش جو اس وقت شمالی غزہ میں موجود ہیں نے کہا کہ ہماری آنکھوں کے سامنے کئی زخمی جان بحق ہوگئے اور ہم ان کے لیے کچھ بھی نہ کرسکے۔

انہوں نے کہ اسپتالوں میں کفن ختم ہوچکے ہیں اور ہم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں موجود کپڑے عطیہ کریں۔ عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی حکام اور سول سروسیز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں مرنے والے درجنوں افراد کی لاشیں سڑکوں پر بکھری ہوئی ہیں یا عمارتوں کے ملبے میں دبی ہوئی ہیں تاہم مسلسل بمباری کے باعث ان تک پہنچنا مشکل ہورہا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ میں ۱۸؍ روز سے جاری محاصرے کے دوران۶۴۰؍ سے زائد فلسطینیوں کو قتل کرچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button