لبنان میں 400000 سے زائد بچے بے گھر، جنگ کے سائے میں انسانی بحران: یونیسیف
اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) کے مطابق لبنان میں گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران تنازعات اور عدم تحفظ کی شدت کے باعث 400000 سے زائد بچے بے گھر ہو چکے ہیں۔
بیروت میں یونیسیف کہ ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیڈ چیبان نے اس بحران کے بارے میں باخبر کیا اور بتایا کہ وہ اس صورتحال سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس صورتحال میں 120000 سے زائد بچوں کی تعلیم تک رسائی مکمل طور پر منقطع ہو چکی ہے۔
بیروت میں یونیسیف کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اسکول یا تو تباہ ہو چکے ہیں یا انہیں بے گھر افراد کے لئے ہنگامی پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔بے گھر بچے بہت خوفزدہ ہیں اور مسلسل تشدد اور گولیوں کی آوازوں کی وجہ سے شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
فی الحال لبنانی وزارت صحت کے مطابق 2300 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں کہ جن میں 75 فیصد پچھلے ماہ میں جاں بحق ہوئے۔
اس کے علاوہ ان تنازعات میں اب تک 100 بچے جاں بحق اور 800 سے زائد بچے زخمی ہو چکے ہیں یہ صورتحال لبنان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لئے ایک سنگین خطرے کی گھنٹی ہے۔