آیت اللہ العظمی سید سیستانی قابل احترام شخصیت ، اسرائیل کا رویہ قابل مذمت: عراق
بغداد : عراقی حکومت نے اسرائیلی میڈیا کی جانب سے شیعہ مذہبی رہنما اور مرجع آیت اللہ العظمی سید علی السیستانی کو اپنے اہداف کی فہرست میں شامل کرنے کی مذمت کی ہے۔عراقی حکومت کے ترجمان بسیم عوادی نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ وہ ملک کی اعلیٰ ترین مذہبی شخصیت کے تشخص کو پامال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عراقی حکومت اس اقدام کو سختی سے مسترد کرتی ہے، جسے پورے عراقی عوام، عرب و مسلم امہ اور بین الاقوامی برادری کی تعریف اور احترام حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کی جانب سے نسل کشی کی جنگ، انسانیت کے خلاف گھناؤنے جرائم اور غزہ اور لبنان میں کھلے عام قتل و غارت گری اور جارحیت کے ارتکاب کے بعد ہم اس کے اشتعال انگیز اور نسل پرست میڈیا چینل 14 کے مواد کو مذہبی شخصیت کے تشخص کو خراب کرنے کی ایک سستی کوشش کے طور پر دیکھتے ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور بین الاقوامی فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اقدام کی مذمت کریں جس سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔اسرائیل کے چینل 14 ٹی وی نے سیستانی کا ایک پوسٹر نشر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیل کے اہداف پر ہیں ۔