چھوٹے امام باڑہ لکھنو میں دہشت گردی پر بین الادیان سیمینار
لکھنو۔ دہشت گردی اور میڈیا میں اس کی غلط تصویر پیش کئے جانے کے سلسلہ میں بدھ کو حسین آباد واقع چھوٹے امام باڑہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے "آئیے جانیں دہشت گردی کیا ہے” کے عنوان سے سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں مختلف ادیان و مذاہب کے رہنماؤں اور دانشوروں اور ماہرین قانون نے دہشتگردی پر لیکچر دیتے ہوئے میڈیا کے ذریعہ دہشت گردی پر دہرا رویہ اختیار کرنے کی سخت مذمت کی۔
سیمینار میں فلسطین کے غزہ اور لبنان میں بے گناہ شہریوں، خواتین اور بچوں کو مارے جانے کی مخالفت میں اقوام متحدہ اور حکومت ہند کو عرضداشت بھیجی گئیں۔ اقوام متحدہ کو بھیجی گئی عرضداشت میں مشرق وسطی میں جنگ روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔
سیمینار میں امام جمعہ لکھنو مولانا سید کلب جواد نقوی جنرل سکریٹری مجلس علمائے ہند، مولانا مرزا یعسوب عباس ترجمان و سکریٹری آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ، معروف اہل سنت علماء مولانا سلمان حسنی ندوی، مولانا جہانگیر عالم قاسمی، مولانا مصطفی مدنی، ایڈوکیٹ حیدر اعجاز، صحافی قربان علی نے تقاریر کی۔
اس سیمینار میں آیودھیا کے رگھوکول شکتی پیٹھ کے سوامی آنند رائے، مولانا سید رضا حیدر زیدی پرنسپل حوزہ علمیہ غفران مآب لکھنو، مولانا مرزا جعفر عباس سکریٹری جامعۃ التبلیغ لکھنو، مولانا منظر صادق، مولانا اصطفی رضا، مولانا اختر عباس جون، مولانا نذر عباس، مولانا حسنین باقری جوراسی، مولانا سعید الحسن نقوی، ڈاکٹر کلب سبطین نوری، مولانا محمد ابراہیم، مولانا فیروز علی بنارسی وغیرہ نے شرکت کی۔