اولی الامر صرف معصومین علیہم السلام ہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور جمعرات 29 ربیع الاوّل 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اصل منابع کے سلسلہ میں جن سے دینی ہدایات حاصل کی جا سکتی ہیں، فرمایا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے متواتر روایات میں دینی مصادر سے استفادے کی بنیاد قرآن کریم اور عترت طاہرہ علیہم السلام کو قرار دیا ہے اور اس تناظر میں صرف یہی دو منابع صحیح ہیں، کوئی تیسرا نہیں ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: اس ضمن میں قرآن کریم ایک حجت ہے اور اسی طرح جو عترت طاہرہ علیہم السلام سے صادر ہوا وہ بھی حجت ہیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: خاص تفاسیر میں جو بیان کیا گیا کہ اولی الامر سے مراد حکام ہیں وہ معتبر نہیں ہے۔ عترت طاہرہ علیہم السلام کے علاوہ کے لئے حکومت صحیح ہے اور یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ سے متواتر روایات کے خلاف ہے۔ لہذا اولی الامر صرف معصومین علیہم السلام ہیں۔