نیپال میں موسلادھار بارش کے بعد لینڈ سلائیڈ اور سیلاب کے نیتجے میں ایک ہفتے میں مہلوکین کی تعداد ۱۹۳؍ ہوگئی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں راحت رسانی کا کام جاری ہے۔ نیپال کی پولیس کی جانب سے جاری کئےگئے بیان کے مطابق اب بھی ۳۱؍ افراد کے گمشدہ ہونے کی اور ۹۶؍ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ٹریفک جام میں پھنسی کم از کم تین بسیں کھٹمنڈو سے تقریباً۱۶؍کلومیٹر کی دوری کے فاصلے پر ہائی وے پر ایک مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے دب گئی تھیں جس سے تین درجن افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
لینڈ سلائیڈنگ کے دوران بس کے مسافر سوئے ہوئے تھے۔ کھٹمنڈو میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تین ہائی وے بلاک ہوگئے تھے جس کی وجہ سے مسافروں نے سفر کیلئے پرتھوی ہائی وے کا انتخاب کیا۔ مسافروں نے ہائی وے سے پتھر، مٹی اور ٹوٹے ہوئے درخت ہٹائے جو سیلاب میں بہہ کر ہائی وے پر آگئے تھے۔
ملک میں اتوار اور آج موسم بہتر ہے جس کی وجہ سے راحت رسانی کے کام میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ کھٹمنڈو کے جنوبی علاقےمیں رہنے والے افراد پانی کے بہاؤ کے کم ہونے کے بعد اپنے گھروں سے پانی نکال رہے تھے۔کھٹمنڈو میں بارش سے ہونے والے حادثات کے نتیجے میں تقریباً ۳۴؍ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کھٹمنڈو، نیپال میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر متاثر ہونے والے شہروں میں سے ایک ہے۔