بعض روایات کے مطابق ظلم قیامت میں اندھیرے کا باعث ہو گا: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور منعقد ہوا۔
جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے انسان کیسے جنتی بنتا ہے کے سلسلہ میں فرمایا: قرآن کریم اور عترت طاہرہ کی تعلیمات کے مطابق اگر کوئی شخص اپنے شرعی فرائض ادا کرے، یعنی نماز، روزہ، حج اگر اس پر فرض ہے تو بجا لائے، قطع رحم نہ کرے، جھوٹ نہ بولے تو یقینا جنت میں جائے گا۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے گناہ کرنے والے شیعوں کے انجام کے بارے میں فرمایا: ایک روایت میں ہے کہ ہمارے بعض دوست جہنم میں ہوں گے شاید ایک ہزار سال لیکن اس کے بعد وہ پاک ہو کر جنت میں جائیں گے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: اس کا تعلق ان لوگوں سے ہے جو اہل بیت علیہم السلام کے پیروکار ہیں اور صحیح عقائد رکھتے ہیں لیکن دنیا میں ظلم کرتے ہیں یا مثلا کسی کو قتل کرتے ہیں یا کوئی عورت اپنے شوہر کا حق ادا نہیں کرتی یا کوئی مرد بیوی کے حقوق پورے نہیں کرتا ہے۔ جیسا کہ بعض روایات میں ہے کہ ظلم قیامت میں اندھیرے کا باعث ہوگا۔