امریکہ کے برمنگھم میں واقع البامہ میں فائرنگ کا ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ۴؍ لوگوں کے ہلاک اور کئی افراد کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ گولی باری کا یہ معاملہ سنیچر کی دیر رات کا بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے آگے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ برمنگھم پولیس محکمہ نے’ `ایکس‘ پر اپنے ایک پوسٹ میں لکھا ہے ’’افسران لوگوں کو گولی لگنے کے بعد جائے حادثہ پر ہیں، اس واقعہ میں کئی لوگوں کی ہلاکت اور کئی کے زخمی ہونے کا اندیشہ ہے۔ ‘‘ پوسٹ میں جانکاری دی گئی ہے کہ گولی باری شہر کے فائیو پوائنٹس ساؤتھ علاقے میں ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فائرنگ میں کم سے کم۴؍ لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ درجنوں افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ زخمی ہوئے۳؍ لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی جبکہ چوتھے کو اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔
’اے بی سی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کو رات کے قریب۱۱؍ بجے اس واقعہ کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ برمنگھم فائر اینڈ ریسکیو نے۸؍ لوگوں کو اسپتال میں پہنچانے کی رپورٹ دی ہے۔ ان میں ۴؍ افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ افسران کے مطابق درجنوں زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ برمنگھم پولیس اور فائر بریگیڈ دستہ فائیو پوائنٹس ساؤتھ علاقے میں ہوئے اس فائرنگ واقعہ کی تفتیش میں لگ گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کلب کے سرپرست میگنولیا ایونیو پر حقہ اور سگار لاؤنج کے باہر لائن میں کھڑے تھے تبھی فائرنگ شروع ہو گٓئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ گولیوں کی آواز ایسی لگ رہی تھی کہ جیسے یہ آٹومیٹک بندوق ہے جس سے مسلسل فائرنگ ہو رہی تھی۔ امریکی افسران کا ماننا ہے کہ اس گولی باری کے واقعہ کو کئی شوٹروں نے مل کر انجام دیا ہے۔ اس سلسلے میں ابھی تک کسی کی بھی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔