17 ربیع الاول ؛یوم میلاد ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ و امام جعفر صادق علیہ السلام
17 ربیع الاول سال کے ان چار با عظمت اور با فضیلت دنوں میں سے ایک ہے کہ جن کی فضیلت و عظمت کے برابر دوسرے ایام نہیں ہیں۔ روایت کے مطابق اس دن روزہ رکھنے والے کو ایک سال کے روزوں کا ثواب ملے گا۔ اس دن نیکی اور کار خیر کرنے کا بہت ثواب ہے۔
17 ربیع الاول سن یکم ام الفیل کو مکہ مکرمہ میں ہمارے حضور ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ کی ولادت باسعادت ہوئی۔
آپ کے والد جناب عبداللہ علیہ السلام اور والدہ ماجدہ جناب آمنہ بنت وہب سلام اللہ علیہا تھیں۔
حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ کی ولادت باسعادت پر مختلف واقعات رونما ہوئے جن میں سے چند مندرجہ ذیل ہیں۔
تمام بت گر گئے، فارس کا آتش کدہ بجھ گیا، حیوان کسری گیا اور اس کے 14 کنگورے گر گئے، دریائے ساوہ خشک ہو گیا، ایک ایسا نور ساتے ہوا جس نے پورے مکے کو روشن کر دیا، اسمانوں پر شیاطین اور جنات کا جانا منع ہو گیا۔
امام جعفر صادق علیہ السلام کی روایت کے مطابق اللہ تعالی نے قرآن کریم میں حضور کو 10 ناموں سے یاد کیا ہے۔ محمد، احمد، عبداللہ، طہ، یس، نون، مزمل، مدثر، رسول اور ذکر۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ذکر ہیں اور ہم اہل بیت اہل ذکر ہیں۔
17 ربیع الاول سن 83 ہجری کو مدینہ منورہ میں صادق آل محمد قرآن ناطق حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت ہوئی۔
امام جعفر صادق علیہ السلام والد ماجد امام محمد باقر علیہ السلام اور والدہ ماجدہ جناب ام فروہ سلام اللہ علیہا تھیں۔
آپ کی کنیت ابو عبداللہ اور مشہور لقب صادق ہے۔
امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے والد ماجد امام محمد باقر علیہ السلام کے قائم کردہ مدرسہ کو ترقی سے ہمکنار فرمایا۔ 4000 سے زیادہ شاگرد تربیت کئے جنہوں نے نہ فقط اسلامی علوم کو ترقی دی بلکہ عصری علوم کو بھی نمایاں ترقی عطا کی۔
آج اگر ہمارے دین سے "قال الباقر” و "قال الصادق” ہٹا دیا جائے تو نہ عقائد میں کچھ بچے گا اور نہ ہی اخلاق و احکام میں کچھ بچے گا۔
توجہ رہے کہ نہ صرف مذہب شیعہ بلکہ اہل سنت مذاہب میں بھی امام جعفر صادق علیہ السلام کے علم کو فراموش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اہل سنت کے چار فقہی ائمہ امام ابو حنیفہ، امام مالک، امام شافعی اور امام احمد بن حنبل بلا واسطہ یا باواسطہ امام جعفر صادق علیہ السلام کے شاگرد تھے۔
میلاد صادقین و حجتین مبارکباد