ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کرنے والے پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کے حکومتی اعلان کے باوجود لاہور میں ان کا سرعام استعمال جاری ہے۔
محکمہ ماحولیات پنجاب نے 5 جون کوپلاسٹک بیگز پر پابندی عائدکی تھی تاہم لاہور کے ہول سیل ڈیلرز، پرچون فروش اور کریانہ اسٹورز یہاں تک کہ ریڑھی بان سمیت ہر کوئی پلاسٹک بیگز استعمال کرتا دکھائی دیتا ہے۔
حکومت نے 5 جون کو صوبے میں 75 مائیکرون سے کم شاپر بیگز فروخت کرنے پر پابندی لگائی تھی مگر مارکیٹوں میں اس وقت بھی 12 مائیکرون والے پلاسٹک شاپنگ بیگز سرعام استعمال ہو رہے ہیں۔
محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں کہیں نظر نہیں آ رہیں، دکانداروں کا کہنا ہے کہ 12 مائیکرون کے لفافے کی ڈیمانڈ زیادہ ہے۔
خوانچہ فروشوں، ریڑھی بانوں اور دکانداروں کا کہنا ہے کہ 12 مائیکرون کے سوا کوئی اور شاپنگ بیگ ملتے ہی نہیں، یہ انہیں سستے بھی پڑتے ہیں۔
سیکریٹری ماحولیات پنجاب جہانگیر انور سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 25 ستمبر سے پلاسٹک بیگز بیچنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرا کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔
عوامی حلقوں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت صرف اعلانات تک محدود ہے، کسی بھی اعلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کہیں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آ رہی۔