منی پور میں جاری نسلی تصادم میں اب تک 237؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کچھ دنوں قبل ہوئے ڈرون اور میزائل حملوں میں شامل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پیر سےطلبہ مظاہرہ کر رہے ہیں۔
پر تشدد مظاہرین کی گرفتاری کے ساتھ ہی پولیس نے عوام سے غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہنے کی اپیل کی ہے۔منی پورپولیس کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں پر تشدد مظاہروں میں شرکت کرنے والے 33؍ افراد اور 7؍ نابالغوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
جمعرات کو پولیس نے کہا کہ گرفتار شدگان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ ساتھ ہی پولیس نے عوام سے کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہنے نے کی اپیل کی اور پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرکے امن اور بھائی چارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ منی پور مئی 2023ء سے کوکی اور میتئی کے مابین شدید نسلی تصادم کی زد میں ہے۔ اس کے نتیجے میں اب تک 237؍ افراد ہلاک اور تقریباً 59000؍ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔پیر کو ہزاروں طلبہ نے گورنر ہائوس کے باہر احتجاج کرتےہوئے مطالبہ کیا تھا کہ منی پور کی علاقائی سالمیت اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ اقدام کرے۔