نیویارک۔ امریکی ریاست جارجیا کے ایک ہائی سکول کے کیمپس میں فائرنگ سے کم از کم 4 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔ مقامی افسران نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ بدھ کو جارجیا کے ونڈر کے اپالاجی ہائی اسکول میں پیش آیا۔ بیرو کاونٹی شیرف کے دفتر نے کہا کہ فائرنگ کے بعد ایک مشتبھہ شخص کو حراست میں لیا گیا۔
دفتر نے میڈیا کو بتایا کہ بدھ کی صبح فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو صبح 10:30 بجے اسکول روانہ کیا گیا۔ جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ بیرو کاؤنٹی کے شیرف جڈ اسمتھ نے کہا کہ واقعہ کی وجہ کا تعین کرنے میں کئی دن لگیں گے۔ جی بی آئی افسران نے تفتیش کے دوران علاقے کے آس پاس کے لوگوں سے دور رہنے کی اپیل کی۔
این بی سی نیوز نے قانون نافذ کرنے والے سینیئر افسران کے حوالے سے بتایا کہ مہلک تشدد میں مشتبھہ شوٹر ایک نو عمر ہے۔ افسران نے بتایا کہ پولیس نوجوان کے نام کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے اور آیا مشتبھہ شخص کا اسکول سے کوئی سابقہ تعلق تھا۔ اپالا جی ہائی اسکول کو فائرنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔ اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد 8 افراد کو جارجیا کے 3 اسپتالوں میں لے جایا گیا جن میں 3 گولی لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ گولی لگنے سے زخمی ہونے والے مریضوں کے علاوہ 5 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جن میں پینک اٹیک کی علامات ہیں۔