رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا خطاب واضح اور آفاقی خطاب : آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
28 صفر یوم شہادت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ پر عزاداروں کے عظیم اجتماع میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: قرآن کریم نے مکرر "یا ایھا الناس” کی تعبیر استعمال کی ہے۔ یہ تعبیر تمام انسانوں کو شامل ہے کہ جن کی فی الحال تعداد 8 ارب سے زیادہ ہے، لہذا واجب کفائی ہے کہ قرآنی ثقافت ان تمام افراد تک پہنچائی جائے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے یوم غدیر مکرر "معاشر الناس” (اے لوگو) فرمایا، جب کہ وہ مجمع مسلمانوں کا تھا۔
یہ اس معنی میں ہے کہ آپ کا پیغام تمام انسانوں تک پہنچے۔ یہی حکم تمام معصومین علیہم السلام کے لئے بھی ہے کہ ان کا کلام تمام انسانوں تک پہنچے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: قرآن کریم اور معصومین علیہم السلام کی ثقافت پوری دنیا کے تمام انسانوں تک پہنچائی جائے۔ یہ واجب امر ہے اور اس سلسلہ میں مختلف ذرائع ابلاغ کو استعمال کیا جائے چاہے وہ سیٹلائٹ ہو یا میگزین وغیرہ۔