پاکستان ؛ بلوچستان، کراچی اور کالا باغ میں بیگناہوں کا قتل عام ایک سوچی سمجھی سازش ہے، علامہ علی اکبر کاظمی
مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کالا باغ میں شہدائے 20 صفر کے لواحقین سے ملاقات کی اور سید مکرم شاہ اور شیعہ رہنما سے ملاقات کے دوران کہا کہ کراچی میں تکفیری دہشت گردوں کو چہلم امام حسین علیہ السلام پر ریلی نکالنے کی اجازت دینا ایک سوچی سمجھی سازش ہے، حیرت اور افسوس کی بات ہے کہ ایک تنظیم جس پر پابندی ہے جو دہشتگرد تنظیم ہے، اس کو کھلے عام ریلی کی اجازت دینا سمجھ سے بالاتر ہے، دوسری طرف میانوالی کالا باغ میں چہلم امام حسین علیہ السلام پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کو ابھی تک گرفتار نہ کرنا کس طرف اشارہ ہے؟
انہوں نے کہا کہ پُرامن اربعین واک پر وزیرآباد، میانوالی، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے پیشتر شہروں میں ایف آئی آر کاٹنا قانون اور آہین کی کھلی خلاف ورزی ہے، بلوچستان کے حالات کو انتہائی حد تک خراب کیا جا رہا ہے، زائرین امام حسین علیہ السلام کو شہید کرنا اور پنجابیوں کو بسوں سے اتار کر قتل کرنا اور تمام معاملات پر سکیورٹی فورسز اور اداروں کی خاموشی سمجھ میں نہیں آریی، تیسری طرف کچے کے ڈاکووں نے بیگناہ پولیس ملازمین کو قتل کر دیا اور اس پر بھی پنجاب پولیس کی خاموشی پر حیرت ہے
ملک میں دہشتگردوں کا راج ہے، ہر طرف خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، کوئی پاکستانی بھی محفوظ نہیں، کہیں تکفیری دہشت گرد اور کہیں کچے کے ڈاکو آخر عوام جائیں تو کہاں جائیں۔