خبریںماتمی انجمنیں اور حسینی شعائرہندوستان

پورے ہندوستان میں عقیدت و احترام سے شہیدان کربلا کا چہلم منایا گیا

امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا اصحاب کے چہلم کے موقع پر پورے ہندوستان میں عقیدت و احترام سے مجالس عزا اور جلوس ہائے عزا برآمد ہوئے۔

ہندوستان کے پائے تخت دہلی میں چہلم کا قدیمی تاریخ جلوس شان و شوکت کے ساتھ صبح آٹھ بجے برآمد ہوا اور تقریبا 14 گھنٹے مسافت طے کرنے کے بعد درگاہ شاہ مرداں کربلا جور باغ پر اختتام پذیر ہوا۔

لکھنو

لکھنو کے وکٹوریہ اسٹریٹ پر واقع ناظم صاحب کے امام باڑے سے آج چہلم کے موقع پر تاریخی جلوس برآمد ہوا۔ جس میں سیاہ کپڑے میں ملبوس ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند شامل ہوئے۔ یہ جلوس لکھنو کے تال کٹورہ کربلا پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں بوڑھے بچے بزرگ نوجوان خواتین سبھی امام حسین اور ان کے 72 ساتھیوں کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے غمگین ماحول میں رواں دواں رہے ۔ پانچ کلومیٹر پر مشتمل جلوس میں عقیدت مند ہاتھوں میں علم لئے ہوئے جبکہ اونٹ پر بیبیوں کے اماری اور تابوت موجود رہے۔ جلوس سے قبل امام باڑہ ناظم صاحب میں مجلس عزا منعقد ہوئی جسے مولانا سید کلب احمد نقوی نے خطاب کیا۔

علی گڑھ

علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے بیت الصلوۃ میں بھی آج چہلم کے موقع پر عزاداران حسین نے مجلس کے بعد کیمپس میں جلوس عزا روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا جس میں شامل لوگوں نے شہدائے کربلا کی یاد میں ماتم کیا گیا۔ دنیا بھر میں حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کا چہلم روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی یاد میں ماہ محرم کی پہلی تاریخ سے ماہ صفر تک مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ روز عاشورہ کے چالیسویں روز دنیا بھر کے مختلف ممالک میں امام حسین اور کربلا کے شہیدوں کا چہلم منایا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں آج ضلع علیگڑھ کے مختلف مقامات سمیت اے ایم یو کے بیت الصلوۃ میں مجلس کے بعد جلوس کا اہتمام کیا گیا۔

مرادآباد

مرادآباد میں شہداء کربلا کے چہلم کے موقع پر ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا یہ جلوس مرادآباد کے گڑیا باغ سے برآمد ہوا اور لاکڑی والان پر جا کر قدیمی جلوس میں شامل ہوا اور وہاں سے کربلا پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ 20 صفر المظفر کے روز امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے اس جلوس میں بچے بوڑھے اور نوجوان، سبھی نے مل کر شہدائے کربلا کی یاد منائی اور ان کی یاد میں نعرے بلند کئے۔

میرٹھ

میرٹھ میں بھی چہلم کے موقع پر عزاداران حسین نے مجالس اور جلوس میں شامل ہوتے ہوئے شہدائے کربلا کی یاد میں ماتم داری کی اور اپنا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ میرٹھ کی چھوٹی کربلا سے آج جلوس ذوالجناح برآمد ہوا اور شہر گھنٹا گھر ہوتے ہوئے پرانی کربلا منصبیہ پر اختتام پذیر ہوا۔ جس میں ہزاروں عزاداران حسینی نے شرکت کی۔

مظفر نگر

شہیدان کربلا کے چہلم کے موقع پر دن میں دو بجے پریم پوری امام بارگاہ میں مجلس ہوئی، بعد جلوس برامد ہوا جو بھارت ماتا چوک، لوہیا بازار، ہنمان چوک، گوشالہ روڈ ہوتے ہوئے کالی ندی پر کربلا پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

ممبئی

ممبئی کی تاریخی مسجد ایرانیان مغل مسجد میں امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر مجلس عزا منعقد ہوئی جس کے بعد جلوس برآمد ہوا اور اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا کربلا رحمت آباد پہنچا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button