Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
خبریںہندوستان

ہندوستان میں شہیدان کربلا کا چہلم آج

ہندوستان میں آج 26 اگست 2024 بروز پیر شہیدان کربلا کا چہلم انتہائے عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ملک کے مختلف شہروں اور بستیوں میں شہیدان کربلا کی یاد میں 10 صفر المظفر سے عشرہ اربعین کی مجلسیں ہو رہی ہیں۔ اسی طرح بعض علاقوں میں 15 صفر المظفر سے خمسہ اربعین کا اہتمام کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے پائے تخت دہلی کے علاقہ پہاڑی بوجھلا میں واقع امام بارگاہ سید محبت علی رضوی مرحوم میں صبح 8 بجے مجلس عزا منعقد ہوگی، جسے مولانا فیروز حیدر ربانی (کارگل) مجلس خطاب فرمائیں گے۔ بعدہ دہلی کا قدیم تاریخی جلوس چہلم بر آمد ہوگاجو 12 بجے شاہی جامع مسجد سے ہوتا ہوا چاوڑی بازار میٹرو اسٹیشن پہنچے گا، جہاں نماز ظہرین باجماعت ادا ہوگی۔

نماز کے بعد جلوس اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغربین سے نزدیک اجمیری گیٹ پہنچے گا جہاں نماز مغربین باجماعت ادا کی جائے گی، نماز مغربین کے بعد نئی دہلی ریلوے اسٹیشن، کناٹ پیلس، سنسد بھون مارگ ہوتے ہوئے ہندوستان کے سابق صدر جمہوریہ فخرالدین علی احمد کی قبر کے قریب پہنچے گا، جہاں عزاداروں کی پزیرائی ہوگی، اس کے بعد تغلق روڈ ہوتا ہوا تقریبا شب میں 10 بجے درگاہ شاہ مرداں جور باغ پہنچے گا اور وہاں تعزیہ دفن ہو کر جلوس اختتام پذیر ہوگا۔ درگاہ شاہ مرداں دہلی میں 10 بجے صبح مجلس عزا کو مولانا قاضی عسکری صاحب خطاب کریں گے اور شب میں نو بجے شاہ مرداں دہلی کی منتظم و متولی انجمن حیدری (رجسٹرڈ) کے چیف پیٹرن مولانا سید کلب جواد نقوی صاحب امام جمعہ شاہی آصفی مسجد لکھنو مجلس عزا کو خطاب فرمائیں گے۔

جبکہ دن میں نماز ظہرین کے بعد درگاہ شاہ مرداں میں خواتین کی مجلس منعقد ہوگی۔

شہر عزا لکھنو میں اربعین حسینی کی مجالس کا سلسلہ شب اربعین سے جاری ہے، آج روز اربعین امام باڑہ ناظم صاحب مرحوم میں دن میں ایک بجے مجلس عزا منعقد ہوگی۔ جسے مولانا سید کلب جواد نقوی صاحب خطاب فرمائیں گے۔

بعدہ لکھنو کا تاریخی چہلم کا جلوس برآمد ہوگا، جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا کربلا تال کٹورا پر اختتام پذیر ہوگا۔

ہندوستان کے مشہور اقتصادی شہر بمبئی کی مشہور مسجد ایرانیان (مغل مسجد) میں مجلس عزا دن میں ایک بجے منعقد ہوگی۔ بعدہ جلوس عزا برآمد ہوگا جو اپنے قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغربین سے پہلے کربلا آرام باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

اسی طرح حیدرآباد دکن، کولکاتہ، بنگلور سمیت پورے ملک میں انتہائی عقیدت و احترام سے امام حسین علیہ السلام کا چہلم منایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button