غزہ میں پھر اسکول پر حملہ، ۱۲؍ جاں بحق، حماس کے حملے میں ۳؍ صہیونی فوجی ہلاک
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ میں ایک اور اسکول کو بمباری کا نشانہ بنا یا جس میں ۱۲؍ افراد جان بحق اور ۱۵؍ سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونےوالوں میں ۲؍ بچے شامل ہیں۔ اسکول میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ اس حملے کے بعد پھر سیکڑوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
غزہ کے سول ڈیفنس حکام نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے مصطفیٰ حفیظ اسکول پر یکے بعد دیگرے بم برسائے۔ منگل کی صبح ہونے والی اس بمباری کے ساتھ ہی اگست کے ابتدائی ۲۰؍ دنوں میں اسرائیلی فوج کے ذریعہ غزہ میں نشانہ بنائے گئے اسکولوں کی تعداد ۱۱؍ ہوگئی ہے۔
سول ڈیفنس حکام کے مطابق اسکول کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا گیا۔ پہلے سے تباہ شدہ اس تعلیمی ادارے میں کم از کم۷۰۰؍ بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ حملے میں ۱۵؍افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد۴۰؍ ہزار ۱۷۳؍ ہو چکی ہے جبکہ ۹۲؍ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔
ایک طرف جہاں غزہ میں جنگ بندی کیلئے مذاکرات جاری ہیں وہیں دوسری جانب اسرائیلی حملے دن بہ دن شدید تر ہور ہے ہیں۔
اُدھر رفح میں حماس اور اسرائیلی فوجیوں میں جھڑپ ہوئی جس میں ۳؍اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔