پاکستان ؛ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مہنگی قیمتوں کے ذریعے حکومت عوام کے صبر کا امتحان لے رہی ہے،علامہ علی حسنین حسینی
عوام الناس بجلی کے بل ادا کرتے کرتے اپنے گھر کا ساز و سامان بھی فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جبکہ بے حس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مہنگی قیمتوں کے ذریعے حکومت عوام کے صبر کا امتحان لے رہی ہے۔ عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین نے کہا کہ حکومت وقت بجلی مہنگی اور بلوں پر ٹیکسز لگا کر عوام الناس کا امتحان لے رہی ہے۔ بے حسی کی انتہاء ہے کہ بجلی کا بل گھروں کے کرایوں سے بھی زیادہ آنے لگا ہے۔ غریب پاکستانی عوام پہلے ہی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور معاشی تباہی کی سزا بھگت رہے ہیں، جس پر انہیں بجلی کی بھاری بھرکم بلوں کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔ عوام الناس بجلی کے بل ادا کرتے کرتے اپنے گھر کا ساز و سامان بھی فروخت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں، جبکہ بے حس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔ بلکہ حکمرانوں اور اشرافیہ کی شاہ خرچیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔