پاکستان ؛ایف سی اہلکاروں کا شہریوں پر تشدد قابل مذمت ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ نے ایف سی اہلکاروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعہ کا نوٹس لینے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز علمدار روڈ پر سول ڈریس میں ملبوس ایف سی اہلکار اور دو شہریوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ جس کے بعد ایف سی اہلکاروں نے طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا اور انہیں طوغی روڈ پر واقع ایف سی چیک پوسٹ کے قریب لے جاکر تشدد کا نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا کہ ذاتی معاملات پر ایف سی اہلکار نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔ جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ جسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
ایسے واقعات سے عوام الناس کے درمیان بلوچستان ایف سی کا امیج متاثر ہوگا۔ ایف سی حکام کو عوام کے تحفظ کے لئے تعینات کیا گیا ہے، تاہم بعض اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے ساتھ رویہ اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو دیکھ کر شہری خود ایف سی سے ہی خوفزدہ ہو گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اعلیٰ حکام نے اگر مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے خود احتسابی کا مظاہرہ نہیں کیا تو عوام اور ایف سی کے درمیان دوریاں پیدا ہوں گی۔ جس کے نقصانات مجموعی طور پر ہم سب کو اٹھانے پڑیں گے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ عوام الناس کا اعتماد بحال کرنے کے لئے شہریوں کو انصاف فراہم کرتے ہوئے اہلکاروں کے خلاف ادارے کی جانب سے کارروائی کی جائے۔