پاکستان : مجالس عزا کے انعقاد کے جرم میں گرفتار ایم ڈبلیوایم رہنما مولانا کوثرعباس رہا
مولانا کوثر عباس اربعین واک امام بارگاہ قصر ابوطالب منیرآباد سے چوک گھنٹہ گھر کے بانی ہیں۔ملتان۔ مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ ملتان کے سینیئر نائب صدر و متولی امام بارگاہ قصر ابوطالب منیرآباد مولانا کوثر عباس کو پولیس نے رات گئے رہا کردیا، محرم الحرام کے دوران مجالس عزا منعقد کرنے پر تھانہ بستی ملوک کی پولیس نے اُنہیں گرفتار کیا تھا۔ مولانا کوثر عباس اربعین واک امام بارگاہ قصر ابوطالب منیرآباد سے چوک گھنٹہ گھر کے بانی ہیں۔گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر مہر سخاوت علی سیال اپنی وکلاء ٹیم کے ہمراہ تھانے پہنچے، جہاں مجلس علماء مکتب اہلیبیت جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی، عون رضا انجم، وحدت یوتھ ملتان کے ڈویژنل صدر تیمور علی، امامیہ فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین جواد رضا جعفری، چیئرمین پاکستان عزاداری کونسل حسنین علی بخاری، وحدت یوتھ کے مرکزی رہنما مرزا وجاہت علی، سید کمیل زیدی، احسن مہدی، سید عمران بخاری اور دیگر موجود تھے۔واضح رہے کہ پاکستان میں عزاداری اور عزاداروں پر حملہ، ظلم و ستم اور قتل و گرفتاری تقریبا ملک کے قیام سے جاری ہے۔ حکومتیں ضرور بدلیں لیکن شیعوں ہر ہونے والے ظلم میں تبدیلی نہیں آئی اور اس کی ایک اہم وجہ شدت پسند سنی ہیں جو عرصہ دراز سے عزاداری اور عزاداروں کے دشمن ہیں۔