کربلا گورنر کی پیشنگوئی کے مطابق اس سال زائرین اربعین کی تعداد 25 ملین سے تجاوز کر جائے گی
کربلا گورنر کی پیشنگوئی کے مطابق اس سال زائرین اربعین کی تعداد 25 ملین سے تجاوز کر جائے گی
کربلا کے گورنر نصیف جاسم الخطابی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شہر کربلا زائرین حسینی کے استقبال کے لئے پوری طرح تیار ہے، پیشنگوئی کی کہ اس سال امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر آنے والے زائرین کی تعداد 25 ملین سے تجاوز کر جائے گی۔
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی رپورٹ پر توجہ دیں۔
صوبہ کربلا کے گورنر نصیف جاسم الخطابی نے یہ بتاتے ہوئے کہ شہر مقدس کربلا زائرین اربعین حسینی کے استقبال کے لئے مکمل تیار ہے، بتایا کہ کربلا گورنریٹ کہ تیاریوں میں کئی پہلو شامل ہیں، خاص طور پر سیکورٹی اور خدمات کے پہلو جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نگر نگم سمیت مقامی انتظامیہ نے زائرین حسینی کی فلاح و بہبود کے لئے بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے نئے میکانیزم تیار کئے ہیں۔
انہوں نے بتایا: کربلا گورنریٹ نے زائرین کے شہر آنے جانے کے لئے 7 مراکز کہ جن میں ام الحوا اسکوائر، السلام، قنطرہ اور الوند شامل ہیں، تیار کئے ہیں اور زائرین کی سہولت کے لئے امام حسین علیہ السلام ایکسپریس وے سمیت نئی سڑکوں پر بھی غور کیا ہے۔
یہ بتاتے ہوئے کہ یہ زیارت دس دن سے زائد جاری رہے گی الخطابی نے پیشنگوئی کی کہ اس سال ہم 25 ملین سے زائد زائرین کی موجودگی کا مشاہدہ کریں گے جو اس دینی موقع کی انتہاء اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس زیارت کی تیاریوں میں پانی، خوراک اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے جیسی خدمات شامل ہیں اور اس کے علاوہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور سڑکوں اور گلیوں کو چوڑا کرنا تاکہ زائرین کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
الخطابی نے مزید بتایا: سیکورٹی اور سروس پلانز اس ہفتہ کے وسط سے شروع ہوں گے، کیونکہ زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کئے جائیں گے اور مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کے لئے سیکورٹی اور سروس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک محفوظ اور آرام دہ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اعلی ترین سیکیورٹی کی سطح فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ عبدالامیر الشمری نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اربعین حسینی کی زیارت کے لئے حفاظتی پلان پہلی سفر سے شروع ہوگا اور اس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے زیارت اور زائرین کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی کے تیاریوں اور خدمات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔