فلپائن کے دارلاحکومت منیلا کے ضلع چائنا ٹاؤن کی ایک قدیم عمارت کے ایک حصے میں آتشزدگی کے نتیجے میں ۱۱؍ افرادہلاک ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق آتشزدگی کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش جاری ہے۔چائنا ٹاؤن کے گنجان آبادی والے علاقے میں واقع عمارت میں آگ پر قابو پانے کیلئے ۱۴؍ فائر ٹرک تعینات کئے گئے تھے۔
۲؍ گھنٹے سے زائد وقت کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا ہے۔ اس ضمن میں فائر انویسٹی گیٹر روڈریک اینڈریس نے کہا کہ آگ گراؤنڈ فلور کے ایٹری سے شروع ہوئی تھی اور مہلوکین میں ان کے عملے کے کچھ افراد بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر مہلوکین کی لاشیں دوسرے اور تیسرے منزلے سے دریافت کی گئی ہیں اور اب تک کسی کے بھی گمشدہ ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
اس حوالے سے منیلا کی میئر ہنی لیکونا نے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پرانی عمارتوں کے معائنہ کا حکم جاری کیا ہے تا کہ یہ یقین دہانی کی جا سکے کہ پرانی عمارتیں حفاظتی اصولوں اور معیارات پر پوری اترتی ہوں۔