اتر پردیش میں شدید بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ اترا کھنڈ بھی شدید بارش سے بے حال ہے۔ یو پی کا لکھیم پور کھیری سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ضلع کی5؍تحصیلوں کے 350؍ دیہات زیر آب آچکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی للت پور میں بارش کی وجہ سے گووند ساگر ڈیم کے مزید4؍دروازے کھولنے پڑے۔ پہلے ہی16؍ دروازے کھلے ہیں جس کی وجہ سے آس پاس کے علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔
سنیچر کو اتراکھنڈ اور اتر پردیش میں شدید بارش کی وجہ سے 4؍ افراد کی موت ہو گئی۔ اتراکھنڈ کے نئی ٹہری گڑھوال میں چٹان کھسکنے سے ماں اور بیٹی کی موت ہو گئی جبکہ اتر پردیش کے جالون ضلع کے ایک گاؤں میںبجلی گرنے سے 2؍ افراد کی موت ہو گئی۔ محکمہ موسمیات نے 22؍ ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔