یوم عاشورا کی زیارت کے لئے تقریبا 60 لاکھ زائرین کربلا پہنچے
کربلا گورنریٹ نے بتایا کہ عاشورہ حسینی کی یاد میں تقریبا 60 لاکھ زائرین کربلا پہنچے۔
سلسلے میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی تیار کردہ رپورٹ پر توجہ فرمائیں۔
کربلا گورنریٹ کونسل کے سربراہ قاسم علی الیساری نے اس بات پر زور دیا کہ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے یوم شہادت پر سروس، سیکیورٹی پلان کامیابی کے ساتھ انجام پایا۔
الیساری نے بتایا: سیکورٹی اور خدماتی اداروں اور اس شہر کی عوام کی کوششوں سے زائرین کربلا کو خدمات فراہم کرنے میں کامیاب ہوا اور یہ زیارتی پروگرام بغیر کسی مشکل اور حادثے کے منعقد ہوا۔
اس سے قبل سروس، سیکورٹی اور صحت کے اداروں نے عاشورا کے مخصوص پروگراموں اور عزاداری طویریج کے کامیاب انعقاد کی خبر دی تھی۔
بین الاقوامی نجف اشرف ایئرپورٹ نے بتایا کہ اس نے یکم محرم سے نو محرم تک 71 ہزار سے زائد زائرین کی میزبانی کی۔
عراق میں یوم عاشورا کے موقع پر مختلف ممالک سے لاکھوں زائرین نے کربلا کی زیارت کی۔
اسی طرح یوم عاشورا کی سب سے بڑی ماتمی انجمن جسے انجمن طویریج جو 20 کلومیٹر کے فاصلہ سے ہرولہ کرتے (دوڑتے) ہوئے قنطرہ السلام (شہر کربلا سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر) آئی اور وہاں نماز ظہر و عصر ادا کر کے کربلا کی جانب روانہ ہوئی۔
یہ ماتمی انجمن لبیک یا حسین، وا حسیناہ کی صدا دیتے ہوئے امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضر ہوئے، اس کے بعد روضہ حضرت عباس علیہ السلام کی جانب چلے گئے۔
اسی طرح کربلا میں سید الشہداء امام حسین علیہ السلام سے عقیدت و محبت میں کفن باندھے لاکھوں زائرین کو دیکھا گیا جو حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ فرجہ الشریف کے لشکر میں شامل ہونے کے لئے اپنے چہروں کو خود اپنے خون سے رنگین کئے تھے۔
کربلا کے علاوہ عراق کے دوسرے شہروں میں قمہ زنی کی عزاداری ہوئی جس میں عزاداروں نے خون کا پرسہ پیش کیا، اس کے علاوہ مختلف انجمنوں اور امام بارگاہوں میں قمہ زنی عزاداری منعقد ہوئی حتی غیر اسلامی ممالک سے بھی قمہ زنی عزاداری کے انعقاد کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
عراقی میڈیا اور کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے یہ بھی بتایا کہ محرم کے آغاز سے ہی عراق کے اندر اور باہر سے میڈیا اور پریس کے ارکان شہر کربلا میں بڑے پیمانے پر موجود ہیں۔
اس تنظیم کے اعلان کے مطابق 538 کیمروں اور 725 رپورٹرز جن میں 633 ملکی رپورٹس اور 92 غیر ملکی رپورٹس شامل ہیں، جنہوں نے عاشورا حسینی کے پروگرام کوریج کئے۔
اس زیارتی پروگرام کی نشریات میں 15 مقامی ریڈیو اسٹیشنز اور 84 سیٹلائٹ چینلز نے کردار ادا کیا اور کربلا کے اندر سے 108 گھنٹے سے زائد براہ راست نشریات کی گئیں۔
عراقی میڈیا اور کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے سربراہ نے میڈیا کی کوریج کی حمایت اور کامیاب بنانے میں میڈیا ٹیم اور روضہ امام حسین علیہ السلام اور روضہ حضرت عباس علیہ السلام کے خصوصی شعبوں کی وسیع کوششوں کو سراہا۔